ڈ پٹی کمشنرمحمد طاہر وٹونے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسدادڈینگی/ پولیومہم کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور محکمانہ کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پرسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی، ڈی ایچ او ڈاکٹرصفدر نوید سمیت یونین کونسل میڈیکل آ فیسرز، میڈیکل آفیسرزاورسپروائزرز سمیت پولیس، تعلیم ، زراعت، لائیو سٹاک، فوڈ اتھارٹی ، انفارمیشن ،پاپولیشن، سوشل ویلفیئر، ماحولیات اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلا س میں شریک تھے۔ ڈ پٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی کہ ضلع بھرمیں ڈینگی کے خلاف انسدادی کاروائیوں کو مزیدتیز کیا جائے اور ڈینگی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے اقدامات کو انتظامی ترجیحات میں سر فہرست رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خطرہ کے پیش نظر ان ڈور اورآﺅٹ ڈور سرویلنس کو چوکس رکھا جائے جبکہ ڈینگی سے بچاﺅ کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور کی بیداری کے لئے مختلف محکموں کی آگاہی مہم کا دائرہ بھی وسیع کریں۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے آئندہ شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے پولیو ویکسین پینے والے بچوں کے اعدادوشماراور محکمانہ کارکردگی کے بارے میں جائزہ بھی لیا اور مہم کے تمام انتظامات کو بروقت مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیو کے خلاف موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت آئندہ نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ لہٰذا اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کےلئے انسداد پولیو مہم کے دوران دو قطرے لازمی پلوائیں۔